ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بی جے پی مخلوط حکومت کو گرانے کی کوشش میں ہے: پرمیشور

بی جے پی مخلوط حکومت کو گرانے کی کوشش میں ہے: پرمیشور

Wed, 02 Jan 2019 00:32:07    S.O. News Service

بنگلورو، یکم جنوری(ایس او نیوز) نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر جی پرمیشور نے آج ریاستی بی جے پی پر الزام لگایا کہ وہ ایک بار پھر کانگریس جے ڈی ایس مخلوط حکومت کوگرانے کی کوشش کررہی ہے، لیکن اس کوشش میں وہ کبھی کامیاب نہیں ہوگی۔ ڈاکٹر پرمیشور نے کہاکہ دہلی میں سابق وزیراعلیٰ یڈیورپا کی طرف سے کانگریس کے برگشتہ اراکین اسمبلی کی بی جے پی کے قومی صدر امت شاہ سے ملاقات کے انتظامات کئے جارہے ہیں۔

بی جے پی کو اراکین اسمبلی کی سودے بازی میں ماہر قرار دیتے ہوئے ڈاکٹر پرمیشور نے کہاکہ مخلوط حکومت کوگرانے کی کوشش بی جے پی بارہا کرکے ناکام ہوچکی ہے۔ کانگریس کے بعض اراکین اسمبلی کو بی جے پی اپنے خیمے میں شامل کرنے کی کوشش کررہی ہے، حالانکہ انہوں نے کسی بھی رکن اسمبلی کانام نہیں بتائے بغیر کہاکہ بعض اراکین اسمبلی دہلی میں موجود ہیں اور یہ کوشش کی جارہی ہے کہ بی جے پی کے قومی صدر سے ان کی ملاقات کرائی جائے۔ مخلوط حکومت کو محفوظ اور مستحکم قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ افراتفری کی کوئی بات نہیں ہے۔

ڈاکٹر پرمیشور کا یہ الزام ایسے مرحلے میں ہوا ہے جب کہ وزارت سے برطرف شدہ رکن اسمبلی رمیش جارکی ہولی ان دنوں دہلی میں ہیں اور حکومت کو گرانے کی مبینہ کوششوں کی سرپرستی کررہے ہیں۔ جب سے رمیش جارکی ہولی کو وزارت سے برطرف کیا گیا ہے وہ کسی سے رابط میں نہیں آئے ہیں۔ رمیش جارکی ہولی کے بھائی اور نئے ریاستی وزیر جنگلات ستیش جارکی ہولی نے رمیش کی دہلی میں موجودگی کی تصدیق کی اور کہاکہ بعض برگشتہ اراکین اسمبلی کے بھی رمیش کے ساتھ ہونے کی خبروں کو مسترد نہیں کیاجاسکتا۔

دوسری طرف بی جے پی نے آج ان خبروں کو مسترد کردیا کہ وہ ریاستی مخلوط حکومت کو گرانے کے درپے ہے۔ بی جے پی نے کانگریس سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے الزامات کا ثبوت پیش کرے۔ اس کے جواب میں سابق وزیراعلیٰ اور کانگریس لیجسلیچر پارٹی لیڈر سدرامیا نے کہاکہ وقت آنے پر وہ بی جے پی کی سودے بازی کا ثبوت بھی منظر عام پر لانے تیار ہیں۔ 


Share: